بنگلور:29/دسمبر(ایس او نیوز) شہر میں آج صبح شدید کہرے اور موسم میں خرابی کے سبب طیاروں کی آمد ورفت کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ دیگر مقامات سے بنگلور آنے والے متعدد طیاروں کے روٹ میں تبدیلی کرنی پڑی۔ کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ میں آج شدید کہرے کے سبب 43داخلی طیاروں کی اڑانوں میں فرق پڑا، جبکہ دیگر مقامات سے بنگلور پہنچنے والے طیاروں کو چنئی یا حیدرآباد ایرپورٹس میں اترنے کی ہدایت دی گئی۔اس وجہ سے تقریباً چار بین الاقوامی طیاروں کو چنئی یا حیدرآباد میں اتارنے کا حکم دیا گیا۔اس کے ساتھ ہی ایک کارگو طیارہ کو بھی موسم کی خرابی کے سبب بنگلور میں اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ محکمہئ موسمیات کے افسران نے بتایاکہ آنے والے دنوں میں شہر میں کہرے کا ماحول اسی طرح برقرار رہ سکتاہے، جس کا اثر طیاروں کی آمد ورفت پر پڑ سکتا ہے۔